دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ،پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے،طاہر محمود اشرفی

0

لاہور۔28فروری  (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے ،دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد اور فورسز کے شانہ بشانہ ہے،دین کی سربلندی اور ملکی استحکام ہماری اولین ترجیح ہے ،حرمین شریفین سے ہمارا تعلق دنیا کی کوئی قوت کمزور نہیں کر سکتی، دوران حج پاکستانی مسلمانوں کو سعودی قوانین پرعمل درآمد یقینی بنانا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ  کو اے پی پی سےبات چیت  کرتے ہوئے کیا ۔

طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ دارالعلوم حقانیہ میں دھماکے کی بھر پور مذمت اورانسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، جمعہ کی نماز میں میرا بھائیوں جیسا دوست مولاناحامد الحق خالق حقیقی سے جا ملا،پاکستان عالم اسلام کا وہ واحد ملک ہے جو ایٹمی طاقت رکھتا ہے ،پاکستان  جب بھی  بحرانوں سے نکل کر ترقی کی جانب گامزن ہونے لگتا ہے تو دشمن قوتیں وطن عزیز کے حالات کو خراب کرنے کیلئے سازشیں شروع کر دیتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دارالعلوم حقانیہ صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا دین کا مرکز ہے جہاں پر طلبہ کو دین کی خدمت کرنے کی تعلیم دی جاتی ہے ،دارالعلوم حقانیہ سے فارغ التحصیل طالب علم دنیا بھر میں دین اسلام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک اور ہمیں اس کی سلامتی بہت عزیز ہے،مساجد میں حملے کرنے والوں کا نہ اسلام، نہ پاکستان اور نہ ہی مسلمانوں سے کوئی تعلق ہے ،مساجد میں خودکش حملہ کرنے کا پہلا واقعہ حضرت عمر فاروق  سے ہوا جب ابو لولو مجوسی نے آپ پر خنجر سے حملہ کیا اور بعد میں اسی خنجر سے اپنے آ پ کو ختم کر لیا ۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ دھماکے کرنے والے پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کی اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں سے نہ ہم کمزور ہوں گے اور نہ پاکستان کمزور ہو گا ، ہم اللہ کے دین کی خدمت کرتے رہیں گے ،ہم قرآن، حج، حرمین شریفین اور الاقصیٰ کی بات کرتے رہیں گے ،حرمین شریفین سے ہمارا تعلق دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی ،دین کی سربلندی اور استحکام ہماری اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو مل کر ناکام بنائیں گے ،ملکی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے سب کو اپنا اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ عازمین حج پاکستان کے سفیر ہیں ، حج کے دوران تمام مسلمان ایک ہی صدا بلند کر رہے ہوتے ہیں اللھم لبیک یہی امت وحدت ہے کہ ایک ہی امام کے پیچھے سارے مسلمان بیت اللہ کے اندرنماز ادا کررہے ہوتے ہیں، دنیا میں نظام تبدیل ہو رہے ہیں اورسعودی عرب میں بھی لہٰذا حج کے دوران پاکستانی مسلمانوں کو سعودی قوانین پرعملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ دارالعلوم حقانیہ میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہم کھڑے اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء  کے درجات بلند اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کرے ۔