صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاوالدین کے وفد کی ملاقات، انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل پر بات چیت

3

لاہور ،28 فروری(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاوالدین کے صدر معیذ اللہ دیوان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل پر بات چیت کی گئی۔

وفد نے منڈی بہاوالدین میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام ، چیمبرآفس کیلئے اراضی کی فراہمی اور رسول ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ میں چیمبر کی نمائندگی کا مطالبہ کیا۔

 صوبائی وزیر نے صنعتکاروں کے جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں ،انھوں نے کہا کہ منڈی بہاوالدین میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کیلئے بنجر زمین کی نشاندھی کی جائے اور چیمبر کے آفس اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کیلئے قابل عمل تجویز بنائی جائے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے روزگار بڑھانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ سیکرٹری صنعت وتجارت عمر مسعود ایڈیشنل سیکرٹری،ایم ڈی پیسک ، سینئر اکنامک ایڈوائزر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔