ملتان: چیئرمین سینٹ کے والد سید علمدار حسین گیلانی کی 47 ویں برسی کا انعقاد

1

ملتان ،4 مارچ (اے پی پی ): چیئرمین سینٹ کے والد سید علمدار حسین گیلانی کی 47 ویں برسی منائی گئی اس موقع پر منعقدہ افطاری کا بھی اہتمام کیا گیا ۔

اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے اپنے والد محترم کی سیاسی ،عوامی اور شعبہ تعلیم میں گرانقدر خدمات کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے والد مرحوم ہر ماہ صیام میں تیسرے روزہ   کو اپنے ہاتھوں سے کھانا پکا کر اپنے دوست احباب کیلئے  افطاری کا اہتمام کیا کرتے تھے اس روایت کو آج بھی زندہ رکھا ہوا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ میرے آباؤ اجداد نے تعلیم کے فروغ کا مشن ایسے حالات میں شروع کیا کہ  جب جنوبی پنجاب میں کوئی تعلیم نہیں تھی میرے والد نے فروغ تعلیم کا مشن اتباع رسول صلی اللہ علیہ وسلم  کی پیروی میں شروع کیا تھا۔اور میں نے  آج اپنے والد کی برسی کے موقع پر  کیڈٹ کالج کا دورہ بھی کیا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے والد کے سیاسی اعزازات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تحریک پاکستان اور آئین پاکستان پر دستخط کیے ۔میں اور میرے چاروں بیٹے پارلیمنٹ کا حصہ ہیں یہ میرے والد محترم کی خدمات کیلئے ملتان کی عوام کی طرف سے زبردست خراج عقیدت ہے۔

برسی کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ، ممبر قومی و صوبائی اسمبلی بھی شریک تھے۔