اسلام آباد، 26 مارچ (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے وفد سے اہم ملاقات کی۔ اجلاس میں صنعتوں کی ترقی، ٹیکنالوجی اپگریڈیشن اور نئی تحقیق و ترقی کی پالیسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ہارون اختر خان نے آٹوموبائل پارٹس کی مقامی تیاری میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس شعبے میں ترقی سے مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے حکومت کے صنعتی ترقی کے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک میں روزگار کے مزید مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، جس سے معیشت کو تقویت ملے گی۔
اجلاس کے دوران ہارون اختر خان نے آٹوموبائل پارٹس کی تیاری کے لیے نئی پالیسی کے آغاز کا عندیہ دیا، جس کا مقصد ملکی صنعتوں کو مستحکم کرنا اور تکنیکی جدت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت صنعتوں کی ترقی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی اور ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مقامی مینوفیکچرنگ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِاعظم کی مسلسل محنت کے نتیجے میں ملک کی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے اور مستقبل میں مزید اقدامات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان صنعتی میدان میں خودکفیل ہو سکے۔











