وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا “فیسیلیٹیشن آن ویلز” سروس کا معائنہ

42

اسلام آباد 26 مارچ ، ( اےپی پی): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری  نے “فیسیلیٹیشن آن ویلز” سروس کا معائنہ کیا۔ “فیسیلیٹیشن آن ویلز” سروس وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کے ویژن کے تحت شروع کی گئی ہے،

سروس کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، تجدید اور لرنر پرمٹ جیسی سہولیات فراہم کرنا ہے، یہ سہولت اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور تجارتی مراکز میں فراہم کی جا رہی ہے،

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی قابلِ تحسین ہے، یہ اقدام عوام کو سہولت فراہم کرنے اور گورننس کے جدید اصولوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا،

وزیر مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی مکینک آن ویلز سروس کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مکینک آن ویلز سروس مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کو فوری مدد فراہم کر رہی ہے، شہری ان سہولیات سے مستفید ہونے کے لیے ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے  ہیں۔