کوئٹہ، 28 فروری (اے پی پی) ؛وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے ملاقات کی، ملاقات میں مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری اور سیکرٹری بلدیات عبدالروف بلوچ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں نے اپنے مسائل اور تجاویز سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلدیاتی اداروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے عوامی مسائل بروقت حل ہوں گے، انہوں نے بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ اپنے مسائل اور تجاویز سے متعلق مشیر بلدیات بلوچستان نوابزادہ بابا امیر حمزہ خان زہری کو تفصیلاً آگاہ کریں جو انہیں اس حوالے سے بریف کریں گے صوبائی حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی سطح پر ترقی اور سہولتوں کی فراہمی میں بلدیاتی ادارے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں صوبائی حکومت انہیں مزید مستحکم بنا کر سروس ڈلیوری اور گورننس کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے ترقیاتی منصوبوں میں بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو حسب ضرورت بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔