لاہور۔ 14 مارچ (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس کے دوران تمام وائس چانسلرز نے میڈیکل ایجوکیشن اور نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اپنی اہم تجاویز پیش کیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نظام صحت کی بہتری کیلئے میڈیکل ایجوکیشن سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ نرسنگ شعبہ کو نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نرسنگ شعبہ میں جدید ٹریننگ ماڈیولز کو متعارف کروایا جائے گا۔ حکومت پنجاب الحمدللہ تمام دیگر صوبوں کی نسبت نرسوں کو زیادہ سٹائپنڈ فراہم کر رہی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن اور نرسنگ شعبہ میں بہتری لانے کیلئے پاکستان نرسنگ کونسل کے ساتھ محکمہ صحت جلد ایک نشست رکھے گا۔ حکومت پنجاب اس حوالہ سے وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل کوارڈی نیشن کرے گی۔
اجلاس میں وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد معین، ڈی جی نرسنگ، ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر سائرہ افضل و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن جواد اکرم، ایڈیشنل سیکرٹری امیر محمد، ایڈیشنل سیکرٹری سدرہ سلیم، ڈپٹی سیکرٹری بجٹ حماد الرب و دیگر افسران نے شرکت کی۔
وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چوہدری اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی نے شرکت کی۔