وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: خواجہ سلمان رفیق

3

لاہور۔ 31 مارچ(اے پی پی): صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے عیدالفطر کے پہلے روز گنگارام ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، ایم ایس ڈاکٹر عارف افتخار و دیگر فیکلٹی ممبران موجود تھے۔

صوبائی وزرائے صحت نے گنگارام ہسپتال میں کیک کاٹا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کو تحائف پیش کئے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گنگارام ہسپتال لاہور میں مریضوں کے ہمراہ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گنگارام ہسپتال لاہور میں بچوں کے ہمراہ عیدالفطر کی خوشیاں بانٹنے آئے ہیں۔

خواجہ عمران نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیاروں سے دور سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو شاباش دیتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہیں۔