اسلام آباد ، 21 اپریل (اے پی پی ): وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پریکس اور جی ایم ڈبلیو ایس آئی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریلوے اسپتالوں کی جدید خطوط پر تزئین و آرائش کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فی 44 ڈسپنسریاں اور 8 اسپتال ریلوے ملازمین کو سستا اور معیاری علاج فراہم کر رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں تقریباً 240,194 آؤٹ ڈور مریض ریلوے ہسپتالوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں لیب ٹیسٹ، ایکسرے، اور الٹرا ساؤنڈ کی سہولیات بھی میسر ہیں۔ وزیر نے ریلوے ہسپتالوں کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کا حکم دیا۔
اجلاس میں ریلوے کالونیوں کے 14 اسکولوں اور ایک کالج کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ پریکس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر نے اخراجات میں کمی لانے اور واضح اہداف مقرر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جون میں پریکس کی کارکردگی کا مفصل جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان ریلوے کے وژن کو مکمل کرنے کے لیے اداروں کی کارکردگی میں بہتری کو ناگزیر قرار دیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین ریلوے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔