اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمدخان نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے اوور سیز کنونشن میں 80 ممالک سے 1500 سے زائد اوور سیزنمائندے پاکستان آئیں گے، ڈیجیٹل یوتھ ہب پر گزشتہ 14 دنوں کے دوران 10لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی ہے،بیرون ملک جانے والے ایک لاکھ نوجوانوں کو 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ دیاجائےگا،جون میں قابل نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر دیئے جائیں گے جبکہ لیپ ٹاپ فار آل سکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتےہوئےکیا۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت اور دانشمندانہ پالیسیوں کے باعث تمام اشاریے مثبت ہیں۔ آئی ایم ایف سمیت عالمی ادارے پاکستان کی تعریف کررہے ہیں۔ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ پاکستان مخالف قوتوں کو فارن فنڈنگ سے ابھارنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) وزیراعظم محمد شہبازشریف اور نواز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش مسائل حل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 میں دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان آئے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ چیئرمین نے کہاکہ اوور سیزکا ترسیلات زر بھیجنے میں اہم کردار ہے۔ آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے اوور سیز کنونشن میں 80 ممالک سے 1500 سے زائد اوور سیزنمائندے پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گیم چینجر منصوبے ڈیجیٹل یوتھ ہب کا 23 مارچ کو افتتاح کیا۔ اس منفرد پروگرام میں نوجوانوں کے لئے اندرون و بیرون ملک ملازمتیں ، سکالرشپس ، آئی ٹی ، ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبو ں میں مواقع کے بارے میں معلومات اور آگاہی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر گزشتہ 14 دنوں کے دوران 10لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ یہ حوصلہ افزا تعداد ہے۔ مستقبل میں اس پورٹل پر کروڑوں نوجوان اپنی رجسٹریشن کروائیں گے۔ نوجوان وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ www.pmyp.gov.pk پر اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کی ویب سائٹ پر اس وقت ڈیڑھ لاکھ سے زائد ملازمتوں کے مواقع کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔ نوجوانوں کو ان کی صلاحیت ، قابلیت ، اہلیت اور پیشہ وارانہ تعلیم کے مطابق ملازمتوں سے متعلق معلومات کے حصول کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت وزیراعظم قرضہ سکیم کے ذریعے بیرون ملک جانے والے ایک لاکھ نوجوانوں کو 10 لاکھ روپے تک بلا سود قرضہ دیاجائےگا۔ ایس آئی ایف سی ، وزارت خزانہ ، وزارت اوور سیز پاکستانیز اور بینکوں کے کنسورشیم نے مشترکہ طورپر یہ منصوبہ بنایاہے ۔ ا س سے بیرون ملک ملازمت کے لئے جانے والے نوجوان نہ صرف پریشانی سے بچیں گے بلکہ بیرون ملک سے پاکستان ترسیلات زرلانے میں مدد ملےگی۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیاپر ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 15ملین نوجوانوں نے رسائی حاصل کی ہے اور جلد یہ رسائی 100 ملین تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اعلان جلد کیاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جون میں قابل نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر دیئے جائیں گے جبکہ لیپ ٹاپ فار آل سکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ لیپ ٹاپ بھی دیئے جائیں گے۔ یہ لیپ ٹاپ 5 لاکھ روپےکے بلا سود قرضہ کےذریعے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2028 کا اولمپیک ہمارا ہدف ہے۔ 28 گیموں کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ سکیم جلد شروع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ آئندہ ہفتے شروع کیا جائےگا جبکہ پی ایس ایل کے بعد کرکٹ ہنٹ سکیم شروع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ اینڈانڈولسنٹ پالیسی پر کام آخری مرحلے میں ہے۔ ا س کے تحت نوجوانوں کو 2 کیٹگریز میں تقسیم کیاگیا ہے۔ اس پالیسی کے ساتھ نوجوانوں کو مدد فراہم کی جائےگی۔ ایک کروڑ نوجوانوں کی آرا اور تجاویز کو سامنے رکھ کر یہ پالیسی تشکیل دی جارہی ہے۔ اس معاملے پر بین الاقوامی شراکت داروں سے مل کر کا م کررہے ہیں۔ اس پالیسی میں سکول سے باہر بچوں ، ٹرانسجینڈر اور مخصوص بچوں کو بھی شامل کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ سکالرشپس کے ذریعے 21 ممالک میں نوجوانوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ مختلف ممالک جانے کے خواہش مند نوجوانوں کے لئے لینگوئج کامسئلہ حل کرنے کے لئے لینگوئج کورس شروع کئے جا رہے ہیں۔