لاہور ،25اپریل (اے پی پی): وزیر خزانہ و صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی راشد اقبال نصر لاہور کے مختلف حلقوں سے منتخب اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور حلقوں کے انفرادی مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئند ہ مالی سال کے بجٹ میں ترجیحات کا تعین کیا جائے گا ،انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف شہباز سپیڈ سے زیادہ تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہیں۔ لاہور کی تعمیر و ترقی وزیر اعلیٰ کی اولین ترجیح ہے۔ انھوں نے کہا کہ پورے لاہور میں ترقیاتی کام تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہیں۔ لاہور کو پورے پنجاب ہی نہیں پورے پاکستان کے لیے ماڈل شہر بنائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر معیشت کی کلید ہے ۔مقامی سطح پر معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سڑکیں بحال کر رہے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ صحت کے شعبہ پر بھی بھر پور سرمایہ کاری کی جا رہی ہے ۔
انھوں نے کہا کہ شہر بھر میں سیوریج کا موزوں نظام لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کا اہم جزو ہے ۔ لاہور میں ترقیاتی پروگرام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جا رہے ہیں ۔ وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ آ ئند ہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست بجٹ ہوگا۔