لاہور 15 اپریل(اے پی پی) : آئی جی پنجاب کمپلینٹ سینٹر 1787 سائلیین کی شکایات کے ازالے کیلئے مصروف عمل ہے۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی آئی اے بی اور اے آئی جی کمپلینٹس شہریوں کی شکایات سن کر ازالہ کر رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال تین ماہ میں آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر 1787 پر 35 ہزار شکایات موصول ہوئیں، شہریوں کی 94 فیصد شکایات حل کی جاچکی ہیں،1787 پر روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار سے زائد شکایات کے حل کیلئے احکامات جاری کیے جارہے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہریوں کی شکایات پر 2805 مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے،ایف آئی آر کے اندراج، ناقص تفتیش اور تبدیلی تفتیش کے متعلق شکایات کا ازالہ کیا گیا، پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف اور پولیس سروسز سے متعلق شکایات کو حل کیا جاتا ہے، محکمانہ، حاضر سروس، شہدا اور ریٹائرڈ آفیسرز کی شکایات کا بھی ازالہ کیا جارہا ہے، شکایات کے اندراج کے بعد متعلقہ فیلڈ آفیسر، ایس ڈی پی او سے لیکر آر پی او تک بھیجی جاتی ہیں۔ متعلقہ آفیسر 24 گھنٹے میں درخواست دہندہ سے رابطہ کر کے آئی جی پی کمپلینٹ سینٹر کو رپورٹ بیک کرنے کا پابند ہے، شہری روزانہ صبح 8 سے رات 10 بجے تک آئی جی کمپلینٹ سینٹر 1787 کال کر کے اپنی شکایت درج کرواسکتے ہیں۔