اسلام آباد، 21 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 87ویں یومِ وفات پر مزارِ اقبال کا دورہ کیا۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ وہ پوری قوم کی طرف سے اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “علامہ اقبال نے مردہ قوم کو شعور دیا اور پاکستان کا خواب دیکھا۔ آج ہم جس فکری انتشار کا شکار ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ اقبال کے کلام سے دوری ہے۔”
انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے ہر سطح پر افکارِ اقبال کی ترویج کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کو افکارِ اقبال کو نصاب کا حصہ بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ نوجوان نسل اقبال کی فکر سے روشناس ہو سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ “جب 2027 میں علامہ اقبال کا 150واں یومِ پیدائش ہوگا تو ہم بین الاقوامی سطح پر اقبال ڈے منائیں گے۔” انہوں نے زور دیا کہ “فکرِ اقبال کو اگر آج کے نوجوانوں تک پہنچایا جائے تو وہ مذہبی انتہا پسندی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ اُڑان پاکستان پروگرام کے تحت فکرِ اقبال کو مرکزی حیثیت دی جا رہی ہے تاکہ قوم کی فکری اور نظریاتی سمت کو مضبوط بنایا جا سکے۔