اقوامِ متحدہ، 10 اپریل (اے پی پی ): پاکستان نے زور دیا ہے کہ دنیا ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے۔ ایک طرف ایسی دانستہ کوششیں جاری ہیں جو جنگ بندی کو سبوتاژ کرنے، تعمیرِ نو کے منصوبے میں رکاوٹ ڈالنے اور دو ریاستی حل پر عالمی اتفاقِ رائے کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ دوسری طرف عالمی برادری کی غالب اکثریت ،جو تمام خطوں پر محیط ہے — امن، انصاف، بین الاقوامی قانون، اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں متحد ہے۔
یہ بات اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل اور دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لیے مجوزہ اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس کے سلسلے میں منعقدہ غیر رسمی مشاورت کے دوران کہی۔
پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، سفیر عاصم نے فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے جون 2025 کی کانفرنس کی تیاری کے لیے مشاورت کی مشترکہ صدارت پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔
سفیر عاصم نے کہا کہ ہم پرخلوص امید رکھتے ہیں کہ جون کی کانفرنس اس موقع کی اہمیت کو سمجھے گی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے امن و انصاف کی امید کو بحال کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں انسانی المیے اور بے مثال مصائب کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔