بین الاقوامی باسکٹ بال ٹریننگ اینڈ کوچنگ کیمپ اختتام پذیر،نوجوانوں کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت

3

اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی): فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی باسکٹ بال ٹریننگ اینڈ کوچنگ کیمپ اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگیا ہے۔  تربیتی کیمپ میں نوجوانوں کھلاڑیوں نے بھرپورشرکت کرتے ہوے اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلٸے عصر حاضر کی ٹریننگ حاصل کی۔

امریکی ادارے سی ٹی آئی اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے معروف کوچز لوک ایلی اور جیکب کم نے بحریہ یونیورسٹی میں مختلف سیشنز کے دوران باسکٹ بال پلیٸرز کو فٹنس، سکلز، تکنیک، کمبینیشن، اٹیک اور دیگر شعبوں میں بہتری کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس حوالے سے جنرل سیکریٹری اوج ظہور نے کہاکہ ہم امریکن کوچز لوک ایلی اور جیکب کم کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا قیمتی تجربہ، علم اور جذبہ بانٹا۔ کھلاڑیوں اور پاکستانی کوچز کو کیمپ کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا جبکہ تربیتی کیمپ کیلٸے بحریہ یونیورسٹی کے بھرپور تعاون پرانکے بھی شکرگزار ہیں جن کی بدولت عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا۔

کیمپ کے آخری روز کھلاڑیوں کے درمیان مقابلے کروانے سمیت تمام شرکا کو سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے۔