جام کمال خان سے اقوام متحدہ کے زرعی وفد کی اہم ملاقات

1

اسلام آباد، 25 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اقوام متحدہ کے زرعی وفد نے اہم ملاقات کی جس میں پاکستان میں غذائیت، تجارت اور زرعی نظام میں اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خوراک کے نظام میں بہتری کے لیے اقوام متحدہ کی مدد سے ایک نیا منصوبہ شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں غذائیت کی کمی اور غیر صحت بخش خوراک ایک سنگین مسئلہ ہے،جس کے حل کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے صحت مند خوراک تک رسائی بڑھانے، خوراک کی پیداوار میں کمی و زیادتی کی نشاندہی اور صارفین کے رویوں میں تبدیلی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزارت تجارت اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (FAO) کے درمیان چلغوزہ سمیت دیگر علاقائی مصنوعات کے فروغ پر بھی اتفاق ہوا۔ ملاقات میں جغرافیائی اشاریہ جات (GIs) کے ذریعے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کی حکمت عملی زیر غور آئی۔

وزیر تجارت نے کہا کہ عالمی تجارتی تنظیم (WTO) کے تقاضوں سے ہم آہنگ قومی معیار کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے اور کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹو میں سرمایہ کاری کے لیے صوبائی ٹیکسز کی موجودگی نجی شعبے کی دلچسپی کو متاثر کر رہی ہے۔

خوراکی نظام میں اصلاحات کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی اور تکنیکی ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، پائیدار اور بین الاقوامی مسابقتی زرعی نظام کی طرف بڑھنا ہوگا تاکہ قومی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔