کراچی،17 اپریل (اے پی پی):سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اینڈانفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیراہتمام اے آئی (AI) ایمرجنگ ٹیکنالوجی فار یوتھ ایمپاورمنٹ کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان تھے۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی ایک ایسا ادارہ ہے جس نے دوقومی نظریہ اور سرسید احمد خان کے افکار کو زندہ رکھا ہوا ہے۔ ہم اس ادارے کے ساتھ ہرممکنہ تعاون کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کو یوتھ پروگرام سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان دانش اتھارٹی قائم کردی گئی ہے۔اب پنجاب کے علاوہ دیگر صوبے بھی اس پروگرام سے بھرپور مستفید ہوسکتے ہیں۔ ڈیجیٹل یوتھ حب دنیا کا منفرد پورٹل ہے جو 26 مارچ کو شروع ہوا ہے اور اب تک20 لاکھ بچے اور بچیاں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور 100 سے زائد کمپنیاں روزگار مہیا کرنے کے لیے اس پر موجود ہیں۔ہم پہلی نیشنل یوتھ پالیسی لارہے ہیں۔آج میں اس موقع پر یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا بھی اعلان کررہا ہوں۔ پورے پاکستان کے لیے سات جدیدAI لیب کی منظوری حاصل کی گئی ہے اور کراچی میں بھی ایک اے آئی لیب قائم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ بیلا روس کے موقع پر وہاں کی حکومت نے پاکستان کے لیے ڈیڑھ لاکھ ملازمتوں کا اعلان کیا ہے۔
سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ میرے والد انجینئر محمد ذاکر علی خان سرسید یونیورسٹی کے بانیوں میں سے تھے۔ وی این ایس، اسلام آباد
انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر یہ پالیسی بنائی تھی کہ جو بھی طالبِ علم سرسید یونیورسٹی میں داخلہ لے گا وہ ڈگری لے کر ہی نکلے گا، اس کی معاشی تنگدستی کو تعلیم کی راہ میں رکاوٹ بننے نہیں دیا جائے گا۔ ہم ایسے طلباء کی داد رسی کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے جارہے ہیں جو نامساعد حالات کے باعث تعلیم جاری نہیں رکھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے اشتراک سے قائم کردہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے ترقی و کامیابی ایک مثال قائم کردی ہے۔ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ڈیجیٹل یوتھ حب قائم کردیا گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو نوجوانوں کو ملازمتوں، تعلیم، انٹرپرینیوئرشپ وغیرہ سے جوڑے گا۔ وزیر اعظم کا یوتھ پروگرام پاکستان کے نوجوانوں کو خودمختار اوربااختیار بنانے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ یہ تعاون مثبت تبدیلی لانے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کواجاگر کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کراچی میں ڈیجیٹل یوتھ حب قائم کرنے کے لیے سرسید یونیورسٹی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے درمیان تعاون کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کراچی میں ڈیجیٹل یوتھ حب کی عمارت کی تعمیر کے لیے زمین مختص کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ 22.4 ملین نوجوان افراد سرسید یونیورسٹی کی تعلیم اور شعبہ جاتی مہارت سے استفادہ کرسکیں۔
سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ نوجوان ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں جو قوم کی تعمیر میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ مستقبل کے معمار ہیں اور سماجی اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھاتے ہیں۔ ان کا جوش، تخلیقی صلاحیت اور جمود کو چیلنج کرنے کی ہمت معاشرے میں مثبت اور بااثر تبدیلی لانے کا ذریعہ بنتی ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی نے کہا کہ اے آئی (AI) ایک ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کے طور پر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کاایک طاقتورذریعہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو بااختیار بنانے کے لیے AI کی صلاحیت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل کی راہ ہموار کریں۔
شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر کاشف شیخ نے کہا کہ سرسید یونیورسٹی میں دو جدید اے آئی (AI) لیب بنانے کی تجویز زیرِ غور ہے جس کے لیے گورنمنٹ کا تعاون درکار ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت کراچی کی جامعات کو بھی توجہ کا مرکز بنایا جائے۔