لاہور ، 10 اپریل (اے پی پی ): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان میں تیونس کے اعزازی قونصل جنرل ایم حمید نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان بالخصوص پنجاب اور تیونس کے مابین تجارت کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے ، گارمنٹ سٹی میں ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار نئی انڈسٹری لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تیونس کے مابین تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے، تیونس کے ساتھ ٹیکسٹائل سیکٹر میں جوائنٹ وینچر کیا جاسکتا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور معدنیات کے شعبوں میں جوائنٹ وینچر بھی ہوسکتا ہے۔
اعزازی قونصل جنرل نے کہا کہ تیونس یورپ کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، تیونس میں اگلے ماہ بزنس کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔ تیونس کے اعزازی قونصل جنرل نے چوہدری شافع حسین کو بزنس کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔