صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس، آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران دونوں اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ

2

لاہور16اپریل (اے پی پی):  صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں آئندہ انسداد پولیومہم کے دوران دونوں اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹاسک فورس نے لاہور اور ڈی جی خان میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، فوکل پرسن وزیر اعلیٰ پنجاب برائے پولیو عظمیٰ کاردار، چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس میں شرکت کی۔ صحت، تعلیم کے محکموں کے سیکرٹریز،  پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

 خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو ورکرز کو فیلڈ میں مکمل تحفظ اور تعاون فراہم کیا جائے گا- انسداد پولیو مہم میں خامیاں دور کر کے وائرس کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت میں ضم ہونیوالا پاپولیشن ویلفیئر کا عملہ انسداد پولیو مہم میں خدمات سر انجام دیگا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے  21اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کی خودمانیٹرنگ کریں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن اور پولیو ورکرز کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انسداد پولیو مہم میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نا گزیر ہے۔  اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 21اپریل سے ہوگا۔ لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں مہم 27اپریل، دیگر اضلاع میں 25اپریل تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی موبائل اور ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔