ملتان، 14 اپر یل (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا اس سلسلے میں گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول حسین آگاہی میں کلچرل رنگوں کی بہار اتر آئی۔طلباءو طالبات کی جانب سے کلچرل میلہ کا انعقاد کیا گیا اور خوبصورت سٹال لگائے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے اقبال گرلز ہائی سکول کا دورہ کیا اور کلچرل میلہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر صفدر واہگہ اور محکمہ تعلیم کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ کلچرل ڈے کے موقع پر ثقافتی پگڑیوں اور سرائیکی اجرک کے ذریعے اپنی تہذیب اجاگر کی جارہی ہے جبکہ نئی نسل کی جانب سے پنجاب کے کلچر پر مبنی سٹالز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ملتان اپنی صدیوں پرانی تہذیب کے باعث منفرد کلچر کا علمبردار ہے آج تمام ضلعی افسران و اہلکار پگڑی پہن کر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔