اسلام آباد، 21 اپریل ( اے پی پی):چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم قانون سازی، مؤثر نگرانی اور معاون پالیسی رہنمائی سے صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز (RIHS) کے تیسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ایسے ماہرین تیار کر رہا ہے جو ہنر مند، اخلاقی اقدار اور سماجی شعور سے لیس ہیں جبکہ ہم ایسی دنیا میں قدم رکھ رہے ہیں جو طبی، تکنیکی اور سماجی لحاظ سے تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن اور مصنوعی ذہانت صحت کے شعبے کو بدل رہی ہیں، اے آئی بچوں کی صحت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹر جدید ٹولز اور ایجادات سے خود کو آگاہ رکھیں۔
پاکستان کے شعبہ صحت میں انقلابی تبدیلی لا سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ راول انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز جیسے ادارے تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری کریں، دیہی و محروم علاقوں میں صحت کی سہولیات بہتر بنائیں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ہم ان اداروں کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے جو صحت اور تعلیم میں اعلیٰ معیار کو فروغ دیتے ہیں۔
ادارے کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شکیب انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔