ملتان،30 اپریل(اے پی پی ):قومی یکجہتی کا پیغام لئے علماء کرام کا امن قافلہ شہر اولیاء پہنچ گیا۔اولیا کرام کی دھرتی پاکستان زندہ باد پاک افواج زندہ باد، بھارت مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔علماء، مشائخ، انتظامیہ ، پولیس، میڈیا کی جانب سے پاک افواج سے اظہار یکجتی اور محبت کا لازوال مظاہرہ کیا گیا۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان، سفیر امن و خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی صدارت میں قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کمشنر عامر کریم خاں ،آر پی او سہیل چوہدری ،ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز و ڈی پی او شریک ہوئے۔
کانفرنس کے شرکاء کا ہاتھوں کی زنجیر بناکر بھارت کو اظہار یکجہتی کا منہ توڑ جواب دیا۔قومی یکجہتی شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم لہرا کر قومی ترانہ گایا۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھارت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ منبر اور محراب کے وارث موجود ہیں۔مودی پاکستان کو دھمکیاں دینے سے باز آجاؤ، اگر تم حملہ آور ہوئے تو بھارت کا حشر پوری دنیا دیکھے گی۔
پاکستان کی سلامتی ، دفاع ، تحفظ اور استحکام کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وطن عزیز میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہمیشہ بھارت کا ہاتھ رہا ہے جسکے ثبوت پاکستان دنیا کو دیکھا رہا ہے۔انڈیا سن لے ہم ایٹمی قوت ہیں ، بھارتی جارحیت کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔
بھارت نے اگر کسی قسم کی جارحیت مسلط کی تو پوری قوم اپنے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی۔
علماء کرام منبر ومحراب کے ذریعے قومی یکجہتی، دہشت گردی کے خاتمے، مذہبی ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کے فروغ میں اپنا کلیدی کردارادا کریں۔ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں بھارت اور مودی کا نا پاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔دنیا جانتی ہے کہ پہلگام حملہ جھوٹ کا پلندہ اور مودی حکومت کی چال ہے، جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے، پاکستان کا بچہ بچہ ملکی سلامتی و دفاع کیلئے تیار ہے ۔ریاست، پاکستانی عوام اور اُمت مسلمہ اہل فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں،وہ شب و روز پنجاب کی ترقی و خدمت میں پیش پیش ہیں جس میں صاف ستھرا پنجاب،خواتین کے حقوق،پنجاب تعمیر و تعلیم،صحت کی بہترین سہولتیں،مذہبی ہم آہنگی اورامن کے قیام میں ان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے قومی یکجہتی کانفرنس کو کامیاب کروانے میں ہمارا ساتھ دیا،اس موقع پرکمشنر ملتان عامر کریم،آر پی او ملتان کیپٹن سہیل چوہدری اور ڈویژنل انتظامیہ کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے بھرپور تعاون کیا، آخر میں ملکی سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے دعاء کی گئی۔ کانفرنس میں سیاسی و سماجی شخصیات ، مختلف سرکاری افسران ،ڈسٹرکٹ و تحصیل امن کمیٹیوں سے تعلق رکھنے والے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام نے شرکت کی۔