ملتان،07 اپریل(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈپٹی کمشنرز کو مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔
انہوں نے مصنوعی مہنگائی کی سرکوبی اور اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈویژن میں ایک روز میں 39490 انسپکشنز، 19 مقامات سربمہر، 73 گرانفروش گرفتار، 1 لاکھ سے زائد جرمانہ کیا گیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارکردگی مزید بہتر بناکر شہریوں کو ریلیف دیں، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور دکانوں پر پرائس لسٹ آویزاں کروائی جائیں،مارکیٹ میں روزانہ کی بنیاد پر اشیاء خوردونوش کی طلب رسد مانیٹر کیا جائے۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف ایکشن کی مختلف میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیر کی جائے۔ عوام میں بھی مصنوعی مہنگائی کنٹرول بارے آگاہی مہم چلائی جائے۔ شہری دکانوں پر سرکاری نرخ کی ریٹ لسٹ طلب کریں،مقرر شدہ قیمت سے زیادہ ہرگز ادا نہ کریں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے گراں فروش ،ذخیرہ اندوز مافیا کی سرکوبی کا ٹاسک دیا ہے۔ عوام کی جیبیں لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے لوگوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے۔دودھ،دہی، چکن ، گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پریکٹیکل اقدامات کئے جائیں۔ 13 بنیادی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔