ملتان،30 اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان سید محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان بھر پور تخلیقی صلاحیتوں کے مالک ہیں۔انہوں نے یہ بات ملتان آرٹس کونسل کی زوار حسین آرٹ گیلری میں ملتان آرٹس کونسل اور افضال آرٹ گیلری کے زیر اہتمام ملتان سے تعلق رکھنے والے نوجوان مصوروں کے خطاطی اور مصوری کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے نوجوانوں کے فن پاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میٍں حصہ لینے والے نوجوانوں کے کام میں پختگی کے رنگ نمایاں ہیٍں۔انہوں نے نوجوان آرٹسٹوں سے کہا کہ وہ اپنا تخلیقی سفر جاری رکھیں کیونکہ اسی سے ان کی شناخت اور پہچان بنے گی۔
ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کا آرٹ کی سرگرمیوں کی طرف مائل ہونا نہایت خوش آئند ہے اور ملتان آرٹس کونسل نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔نمائش میں جویریہ بتول،طوبی باسط،ملائکہ راء،اریبہ رشید،سدرہ صدیقی،نویرا رمضان،راحیل اقبال ملک،فریدہ سرفراز،ایمان اجمل،عبدالوہاب،شاہد خان اور رحمت اقبال کے تخلیق کردہ فن پاروں کو آویزاں کیا گیا۔
تقریب کے آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے نوجوان مصوروں کو شرکت کے سرٹیفیکیٹ بھی پیش کئے۔