میٹرو پاکستان اور محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کا باہمی تربیتی پروگرام کامیابی سے اختتام پذیر

0

ملتان 24 اپریل ) اے پی پی):

میٹرو پاکستان اور محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز) کے باہمی اشتراک سے طلبہ و طالبات کو فوڈ سیفٹی کے جدید نظاموں سے روشناس کروانے کے لیے دو روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو فوڈ انڈسٹری میں خوراک کے تحفظ، خطرات کے انتظام، اور فوڈ سیفٹی سسٹمز کے عملی نفاذ سے متعلق ضروری مہارتیں فراہم کرنا تھا۔

پہلے دن کی تقریب جامعہ زرعیہ ملتان میں منعقد ہوئی، جہاں ڈین فیکلٹی آف فوڈ اینڈ ہوم سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے میٹرو پاکستان کے ٹرینرز اور شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے تربیتی سیشنز نہ صرف طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں بلکہ صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط تعلقات کی بنیاد بھی رکھتے ہیں۔

دوسرے دن طلبہ کو میٹرو سٹور لے جایا گیا، جہاں انہوں نے فوڈ سیفٹی کے انتظامات، معیاری کنٹرول پروسیجرز، اور جدید ٹیکنالوجی کا براہِ راست مشاہدہ کیا۔ میٹرو پاکستان کے مینیجر کوالٹی اشورنس مسٹر قیصر جاوید نے فوڈ سیفٹی سسٹمز کے عملی نفاذ، ہیجن پریکٹسز، اور معیاری ضوابط پر تفصیلی لیکچرز دیے۔ اس کے علاوہ، مسٹر ساگر محمود خان (گلوبل ہیڈ کوالٹی ایشورنس، میٹرو) نے آن لائن سیشن کے ذریعے اپنے عالمی تجربات شیئر کیے۔

شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد شہباز نے کہا کہ  کہ یہ تربیت طلبہ کے تکنیکی علم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ان میں فوڈ سیفٹی کے حوالے سے شعور بھی پیدا کرتی ہے۔ پروگرام میں سو سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جنہوں نے میٹرو کے ماہرین سے سوالات کے ذریعے اپنی علمی پیاس بجھائی۔

تقریب میں پاکستان کی معروف فوڈ انڈسٹری سے ملک اختر حسین (چیئرمین، پاک ایشن فوڈز) سمیت جامعہ کے اساتذہ ڈاکٹر شبیر احمد، ڈاکٹر نگہت رضا، ڈاکٹر محمد سبط عباس، ڈاکٹر ندا فردوس، اور محمد عثمان نے بھی شرکت کی۔

دونوں اداروں کے نمائندوں نے مستقبل میں ایسے مشترکہ پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ یہ اقدام نوجوان سائنسدانوں کو جدید صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور پاکستان کی فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔