نوجوان افسران ملک کے سفیر اور پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، ان کی محنت اور کامیابی پر ہم سب کوفخر ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

23

اسلام آباد۔15اپریل  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ  نوجوان افسران ملک کے سفیر اور پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، ان کی محنت اور کامیابی پر ہم سب کوفخر ہے۔پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنا آپ سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ منگل کو فارن سروس اکیڈمی میں پاس آئوٹ ہونے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان کو دہشتگردی اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں لیکن دہشت گردوں اور ریاست مخالف عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،انسانی حقوق کی پاسداری پر بات کرنے والوں کو غزہ اور کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کابھی نوٹس لینا چاہیے،سفارت کاری میں پارلیمان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بطور سپیکر ہمیشہ پاکستان کے مثبت اور حقیقی تاثر کو اجاگر کیا،2018 سے 2021 پاکستان میں سیاسی انتقام کا بدترین دور تھا،بطور سپیکر اپوزیشن کے تمام ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کئے  اور سیاسی انتقام کی روایت کو بدلا،افغانستان میں چھوڑا ہوا اسلحہ اب پاکستان  کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بدل رہی ہے آپ کی ذمہ داری ہے کے آپ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ رہیں۔ بیرون ممالک کے ساتھ رابطوں کو فروغ دینا سفارت کاروں کی ذمہ داری ہے۔