لاہور 28 اپریل ( اے پی پی ) وزیر ہاؤسنگ ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین کی زیر صدارت واسا پنجاب کی کارکردگی بارے اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں واسا لاہور، گوجرانوالا ،فیصل آباد ،راولپنڈی اور ملتان میں جاری اسکیموں اور مقررہ اہداف بارے آگاہ کیا گیا،گزشتہ 10 سالوں میں زیادہ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی بارشوں کا جائزہ، نکاسی آب جلد ممکن بنانے بارے مزید سفارشات طلب کر لی گئیں ۔
صوبائی وزیر بلال یاسین نے تمام واساز کو مون سون سیزن سے قبل تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ ، بجلی تقسیم کار اور صفائی کمپنیوں سے کوآرڈی نیشن اور شکایات سنٹرز کو فعال رکھا جائے گا،انہوں نے واسا لاہور کو اندرون شہر سمیت تمام ڈرینز کی ڈی سلٹنگ مہم فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے گرمی کی شدت کے پیش نظر واسا حکام پانی کے اضافی اوقات کار کو یقینی بنائیں،اجلاس میں راولپنڈی میں پانی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ چہان ڈیم کی تعمیر سے راولپنڈی میں پانی فراہمی کی صورتحال میں واضح بہتری آئے گی، واسا کا دائرہ کار مزید اضلاع تک پھیلانے اور کپیسٹی بلڈنگ بارے تجاویز بھی زیر غور لائی گئیں،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل عمر فاروق ، ڈی ایم ڈی واسا لاہور اور چیف انجینئرز بھی شریک تھے۔