وساکھی میلہ اور 326 ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے 6 ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

6

لاہور، 10 اپریل (اے پی پی): وساکھی میلہ اور 326 ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے جمعرات کے روز6 ہزار سے زائد سکھ یاتری بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ۔ اس موقع پروزیر مملکت مذہبی امور کھئیل داس کوہستانی ، صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ ،سیکرٹر ی متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، اراکین صوبائی اسمبلی سونیا عاشر، بابا فلیبوس اور پاکستان سکھ گورودوارہ بندھک کمیٹی کے ممبران سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور و دیگرنے سکھ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کیسو مل کھئیل داس کوہستانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ6751 سکھ یاتری پاکستان پہنچ چکے ہیں ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کے احکامات کے مطابق یاتریوں کی بہترین مہمان نوزازی کی جا رہی ہے ،یہ اولیاءاور صوفیا کی دھرتی ہے ،یہ امن کی دھرتی ہے، اس سے سب پیار کرتے ہیں اور ہم سب نے مل کر یہاں امن قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہبِ ایک دوسرے کا احترام کادرس دیتے ہیں، رمضان کے مقدس مہینے میں اقلیتوں نے افطار ڈنرز کا اہتمام کیا،اسی مہینے ہولی آئی تو میں نے اپنے لوگوں سے کہا کہ رمضان کا احترام کیا جائے،ہندوبرادری نے مسلمانوں کے رمضان کا احترام کیا اورمغرب کے بعد ہولی کا تہوار مندر میں منایا گیا،اس طرح کا احترام و ہم آہنگی صرف پاکستان میں ہی ملتا ہے۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوش پر اس مرتبہ یاتریوں کی بہت بڑی تعداد پاکستان پہنچ رہی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات سے ٹورازم میں 72 فیصد نمایاں اضافہ ہوا ہے ، اس معاہدہ کے تحت 6751 یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے ،رواں برس پاکستان آ نے والے بھارتی یاتریوں کی تعداد معمول سے زیادہ ہے،جس کیلئے طے شدہ شیڈول کو تبدیل کرکے یاتریوں کے جتھہ کو دوگرپوں میں تقسیم کیا گیا ہے،پہلا گروپ گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو گا جبکہ دوسرے گروپ کو گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یاتری13 اپریل کو گوردوارہ سچا سودا فاروق  آ اد کی یاترا کے بعد واپس ننکانہ صاحب میں قیام کریں گے، 14 اپریل کو وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہو گی،15  اپریل کو ننکانہ آنے والا گروپ گردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ ہوگا،دوسرا گروپ گردوارہ  پنجہ صاحب کی یاترا کے لیے حسن ابدال روانہ ہوگا،ایک روز قیام کے بعد 17 اپریل کو سکھ یاتریوں کے دونوں گروپ گرودوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے،دونوں گروپ اپنے شیڈول کے مطابق اپنا سفر جاری رکھیں گے،گورودوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا بھی کریں گے ،امید ہے یاتری واپسی پر پاکستان سے حسین یادوں کے ساتھ رخصت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کیلئے رہائش،میڈیکل اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں،گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب ، گوردوارہ پنجہ صاحب و دیگر کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے۔

 ایڈیشنل سیکرٹری شرائنزسیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ سکھ یاتریوں کو پاکستان میں قیام،لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔وفاقی وزارت مذہبی امور اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی درخواست پرشیڈول سے 3751   زائد ویزے یاتریوں کو خصوصی طور پر جاری کئے گئے،یاتری دورہ مکمل ہونے پر19 اپریل کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہو ں گے۔

جتھہ لیڈر رویندر سنگھ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اتنی بڑی تعداد میں ویزے جاری کر کے سکھ قوم کے دل جیت لئے ہیں،پاکستان  ایک امن پسند ملک ہے ،دنیا بھر  کے سکھ پاکستان آنا چاہتے ہیں ،پاکستان میں بہت عزت اور احترام ملتا ہے ۔واضح  رہے کہ بھارتی یاتری ،امرتسر ،ہریانہ ،اتر پردیش،دہلی و دیگر 11  بھارتی ریاستوں سے  پاکستان پہنچے ہیں۔