واشنگٹن ڈی سی، 25 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن سنگبو کم سے ملاقات کی۔ اس دوران وزیرِ خزانہ نے انہیں حکومت کی ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے تحت ڈیجیٹلائزیشن کی کوششوں سے آگاہ کیا،خاص طور پر ٹیکسیشن اصلاحات اور ایف بی آر کی اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن پر زور دیا، جس میں لوگ،عمل اور ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
وزیرِ خزانہ نے مختلف اداروں کے درمیان افقی انضمام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا عمل ہموار ہو سکے۔
وزیرِ خزانہ نے ورلڈ بینک سے ملک کے کنٹری پارٹنرشپ پروگرام (CPF) کی آپریشنلائزیشن کے لیے حمایت کی درخواست کی،تاکہ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے اس کو کامیابی سے عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
انھوں نے ملک کی ڈیجیٹل سفر کے بارے میں ورلڈ بینک سے مشورہ لینے میں دلچسپی ظاہر کی اور جہاں ضرورت ہو وہاں کورس کی اصلاح کی بات کی۔ وزیرِ خزانہ نے ملاقات کے اختتام پر سنگبو کم کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔