اسلام آباد، 12 اپریل(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن جیک برگمین (ریپبلکن، مشی گن) کی قیادت میں امریکی کانگریسی وفد نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں پاک-امریکہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص ترقیاتی تعاون اور مختلف شعبوں میں مستقبل کی شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان اور امریکہ کے گہرے تعلقات کا ذکر کیا جن کی بنیاد باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور ترقی کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے طویل المدتی اور وسیع البنیاد تعلقات، خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہیں۔ ان تعلقات کی مضبوطی خطے کے استحکام اور عالمی امن کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے تعلیم، توانائی، ماحولیاتی تبدیلی، انفراسٹرکچر اور آئی ٹی جیسے شعبوں میں ترقیاتی بنیادوں پر دو طرفہ تعلقات کو ازسرنو قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کی تجویز دی اور “پاک-امریکہ نالج کوریڈور” کو فروغ دینے، نیز پاکستان میں امریکہ کی اعلیٰ جامعات کے کیمپسز کے قیام پر زور دیا، جس کے لیے حکومت مکمل معاونت فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے ہنر مند انسانی وسائل کی تیاری ناگزیر ہے۔
احسن اقبال نے “اُڑان پاکستان” پروگرام اور “5Es فریم ورک” کا بھی ذکر کیا ، انہوں نے پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے برآمدات میں اضافے کو لازمی قرار دیا۔
انہوں نے زور دیا کہ امن، ہم آہنگی، سیاسی استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات کے لیے پختہ عزم ہی ترقی یافتہ معیشت کے لیے بنیادی عناصر ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان نے ماضی میں سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی کمی کی وجہ سے نقصان اٹھایا ہے، اور موجودہ حکومت اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (SMEs) کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے امریکی کاروباری اداروں کے ساتھ مزید تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان، ایک ابھرتی ہوئی جمہوریت کے طور پر، اہم مرحلے سے گزر رہا ہے اور اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے تیار ہے۔
امریکی وفد نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کھولنے کے لیے نجی شعبے کی شمولیت پر زور دیا۔ وفد نے دو طرفہ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنے اور کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔