اسلام آباد، 07 اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیکٹا کے بورڈ آف گورنرز کا 5واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی شرکت کی۔
نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا ڈاکٹر خالد چوہان نے بورڈ ممبران کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں نیکٹا کے تحت قائم ہونے والے ادارے نیشنل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (NIFTAC) کی منظوری دی گئی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل سدباب کے لئے متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعد اس ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس ادارے کا قیام نیکٹا کے حقیقی مقاصد کے حصول کی طرف ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔نفٹیک (NIFTAC) کا قیام نیشنل ایکشن پلان پرمکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کارآمد ہوگااور کہا کہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی PIFTAC کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ نیکٹا کی استعداد کار بڑھانے میں NIFTAC موثر کردار ادا کرے گا۔
اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا ڈاکٹر خالد چوہان کی پیش کردہ تمام سفارشات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، چاروں صوبائی سیکرٹریز داخلہ بطور ممبر نیکٹا بورڈ آف گورنرز سمیت دیگر شریک ہوئے۔