وفاقی وزیر سید عمران احمد شاہ کا بے نظیر انکم سپورٹ کیمپ کا دورہ، سہولیات اور ترسیلی نظام کا جائزہ

0

قصور،25 اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت لگائے گئے کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کیمپ میں موجود خواتین کو دی جانے والی مالی امداد کی ترسیل کے عمل کا جائزہ لیا اور سہولیات کا معائنہ کیا۔

وفاقی وزیر نے کیمپ میں موجود تمام کاؤنٹرز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود خواتین سے ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت نواز شریف کا مشن ہے اور ہم اس مشن کو مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں خواتین کے بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں اور ہوا کے لیے پنکھے بھی نصب ہیں تاکہ کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ وفاقی وزیر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ کا سسٹم بہتر ہو رہا ہے اور شکایات میں واضح کمی آ رہی ہے۔

مزید برآں انہوں نے کہا کہ پروگرام میں فراڈ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔