وفاقی وزیر عمران احمد شاہ کا ساہیوال چیمبر آف کامرس کا دورہ، معیشت کی بحالی اور صنعتی ترقی کے حکومتی اقدامات پر گفتگو

2

 اسلام آباد21 اپریل )اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ، سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور چیمبر کے اراکین سے ملاقات کے دوران معیشت کی موجودہ صورتحال اور حکومت کے ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ “پاکستان کی معیشت مستحکم ہو چکی ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف کی مشترکہ کوششوں سے ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں، جس سے معیشت مزید مضبوط ہو گی۔

وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے مشکل حالات کے باوجود بجلی کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے، جس کے مثبت اثرات صنعتی شعبے پر بھی پڑے ہیں اور انڈسٹری ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے۔

انہوں نے چیمبر کے ممبران کو یقین دہانی کروائی کہ حکومت تاجر برادری اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ساہیوال میں جلد انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔

عمران احمد شاہ نے ساہیوال کے تاجروں کو حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر صنعتی ترقی سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ برآمدات میں اضافہ اور معیشت کو دیرپا استحکام بھی حاصل ہو گا۔