پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا ،ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

0

اسلام آباد۔25اپریل  (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا کیونکہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے 24 کروڑ عوام کی بقاء کیلئے زندگی کی  علامت ہے اور اس حق کے تحفظ کیلئے تمام قوانین اور تمام اقدامات موجودہیں ،یہ معاہدہ بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدوں کے تحت اہمیت کا حامل ہے۔

جمعہ کو ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ  سندھ طاس معاہدہ سے متعلق بھارت کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ یکطرفہ فیصلہ کرکے اس معاہدے کو معطل کردے۔  انہوں نے کہا کہ بھارت کا غیر قانونی، یکطرفہ اور غیرذمہ دارانہ اعلان بین الریاستی تعاون اور معاہدوں کی مناسب عملداری کے بنیادی ڈھانچے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، یہ بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے پرعزم ہے تاہم  اس کے لئے دونوں فریقین کا تعاون ضروری ہے تاہم بھارت کو ایسا ماحول پیدا نہیں کرنا چاہئے جس کی وجہ سے ہم سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں۔

  سکھ یاتریوں کو پاکستان چھوڑنے کی آخری تاریخ سے مستثنیٰ قرار دینے کے سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا فیصلہ ہے کہ ہم سکھ یاتریوں کے لئے پاکستان میں آسانیاں پیدا کریں۔ بھارتی میڈیا کے جنگی ہیجان پھیلانے کے رویے کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ بھارتی میڈیا ثبوت یا معتبر تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزامات لگا رہا ہے اور جنونیت کا ماحول پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے الزام تراشی کا یہ وطیرہ ان کی پرانی عادت ہے تاکہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنی حکومت کے بے بنیاد دعوئوں اور بیانیے کو تقویت دے سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ اپنا موقف واضح طور پر پہنچا سکے تاہم ابھی تک کوئی ثالثی کی کوششیں نہیں ہوئیں۔انہوں نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کو دہراتے ہوئے کہا کہ ان میں واہگہ بارڈر کی بندش، تجارت کی معطلی، فضائی حدود کی بندش، سفارتی تعلقات میں کمی اور ویزوں کی معطلی (سوائے سکھ یاتریوں کے) شامل ہیں۔ بھارتی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کے حوالے سے خدشات پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ بھارت اپنے بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے تقاضے پورے کرے گا اور ان قیدیوں کی مناسب دیکھ بھال کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات قانونی معاہدوں کی بعض شقوں پر قائم ہیں لیکن اگر ایک ملک کسی بھی قسم کے تعلقات، مہذب مکالمے یا رابطے میں دلچسپی نہ رکھتا ہو تو ہمارے پاس بھی تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ ہے۔

افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دوستانہ روابط کے فروغ کے لئے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کابل کا اہم دورہ کیا جہاں خاص طور پر مضبوط سیاسی روابط کے حوالے سے کئی اہم معاملات پر اتفاق ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان ہاٹ لائن رابطوں کے قیام پر بھی پیشرفت ہوئی۔

گزشتہ ہفتے کی سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ترکیہ کے دورے کا ذکر کیا جہاں ان کی ترک صدر رجب طیب ایردوان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور خطے کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔انہوں نے 20 تا 21 اپریل 2025 کو متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے پاکستان کے دورے کا بھی ذکر کیا جس میں ان کی وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم  و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اس دوران ثقافتی تعاون، قونصلر امور کی مشترکہ کمیٹی کے قیام اور متحدہ عرب امارات ۔پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔اسی طرح روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور ندُہنگیریہی کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تربیت کے حوالے سے بھی ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ترجمان نے پوپ فرانسس کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ” دنیا بھر میں امن، بین المذاہب مکالمے اور ہمدردی کے علمبردار”کے طور پر یاد کیا جنہوں نے دنیا کے مذاہب میں اتحاد، مظلوموں کی حمایت اور انسانی عظمت کے فروغ کے لئے ناقابلِ تردید خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان کی انتھک کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو مختلف ثقافتوں اور مذاہب کے مابین باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لئے تھیں، اس موقع پر پاکستان دنیا بھر میں اپنے کیتھولک بھائیوں اور بہنوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہے جنہیں پوپ فرانسس کی غیر معمولی زندگی نے متاثر کیا۔