اسلام آباد،25 اپریل(اے پی پی): پاکستان میں کرغزستان کے سفیر آوزبیک اتاخانوف نے وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریلوے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کرغستان کے سفیر اتاخانوف نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کو وزارت کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان و کرغزستان کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران کرغزستان کے سفیر نے وزیر ریلوے کو پاکستان ـ کرغزستان بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے نیٹ ورک کی بہتری،تجارتی راستوں کی ترقی،اور تکنیکی تبادلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کرغزستان کے ساتھ ریلوے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط اور سفری سہولتوں کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے۔
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ریلوے تعاون اقتصادی تعلقات کو بہتر بنائے گا بلکہ عوامی سطح پر روابط کو بھی مضبوط کرے گا۔