پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کا کاروبار چلنے نہیں دیں گے، خواجہ سلمان رفیق

2

لاہور،17 اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے تمام سابق ڈائریکٹرز جنرل کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ہوٹا پروفیسر محمد عامر زمان خان، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل، صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر محمد اظہار چوہدری، پروفیسر شہزاد انور، چیئرمین بورڈ سمز پروفیسر اسد اسلم خان، ڈپٹی سیکرٹری حافظ عرفان، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج پروفیسر محمد وارث و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ہوٹا کے تمام ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے پی ہوٹا کو ترمیمی بل کو بھی فولواپ کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ انسانی اعضاء کی پیوندکاری کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوام کیلئے صحت کے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام حکومت پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پی ہوٹا کی دیگر صوبوں کی اتھارٹیز سے بھی کوآرڈی نیشن کو بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ہوٹا کو ڈونرز کی رجسٹری بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ہوٹا کے تمام دفاتر کو بھی مزید فعال بنائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے حوالہ سے پی ہوٹا کو اہم ٹاسکس سونپے گئے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کا کاروبار چلنے نہیں دیں گے۔  اجلاس میں ڈی جی پی ہوٹا کو اس حوالہ سے متحرک کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔