ملتان ،22 اپریل (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور تعلیم کے میدان کے ممتاز رہنما رانا سکندر حیات کی قیادت میں محکمہ تعلیم ملتان کے زیر اہتمام اساتذہ کے لیے پہلا اسپورٹس گالا 2025-26 کا انعقاد رنگارنگ تقریب کے ساتھ کیا گیا۔
تقریب کا افتتاح ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن، ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کے ہمراہ کیا۔افتتاحی تقریب میں ملتان بھر سے تعلیمی افسران، اساتذہ، اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام اساتذہ سے ملاقات کی اور اپنے خطاب میں تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت، ٹیم ورک اور سپورٹس مین اسپرٹ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرتے ہیں بلکہ اساتذہ کو ذہنی طور پر توانا رکھتے ہیں، جو بالآخر طلبہ کی بہتر تعلیم کا باعث بنتے ہیں۔تدریس کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی نہایت اہمیت رکھتی ہیں، جو اساتذہ کی فکری اور جسمانی فلاح کے لیے ناگزیر ہیں۔تقریب کے مہمانان اور منتظمین تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری، منور حسین کمال، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری (مردانہ)، میاں خالد عالم، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری (زنانہ)، نزہت پروین سمیت تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مرد و خواتین) شریک ہوئے۔
سکاوٹس کے دستے نے تقریب میں ڈویژنل سکاوٹس آرگنائزر حافظ محمد ذیشان اور ڈسٹرکٹ سکاوٹس سیکریٹری اشفاق احمد انصاری کی قیادت میں شاندار سلامی پیش کی۔کھیلوں کی سرگرمیاں اور نتائج اسپورٹس گالا میں کرکٹ، رسہ کشی، اتھلیٹکس اور بیڈمنٹن جیسے مختلف کھیلوں کے مقابلے رکھے گئے۔
اساتذہ نے ان مقابلوں میں بڑی دلچسپی سے حصہ لیا اور کھیلوں کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ رسہ کشی کے دلچسپ مقابلے میں شجاع آباد کی ٹیم نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے فتح حاصل کی، جس پر انہیں بھرپور داد دی گئی۔منتظمین کی محنت اور عزم سپورٹس گالا کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی قیادت میں اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر فزیکل ایجوکیشن بہاول قیوم اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کی۔ ان کی کوششوں سے یہ پہلا اساتذہ سپورٹس ایونٹ نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ ایک یادگاراور شاندار رہا، جو آئندہ بھی اساتذہ کی فلاح و بہبود کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال اس ایونٹ کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور صوبہ بھر میں ایسی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی و ذہنی صحت کو بھی اولین ترجیح دی جا سکے۔
ملتان، سہیل ، حبیب شاہ