لاہور، 30 اپریل(اے پی پی): محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میں صوبائی وزیر بلال یاسین کی زیر صدارت پی ایچ اے سیالکوٹ کے بورڈ آف گورنرز کا بذریعہ ویڈیو لنک دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ایچ اے سیالکوٹ کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں پی ایچ اے سیالکوٹ کے سالانہ بجٹ اور انتظامی امور چلانے کیلئے قوانین کی منظوری دی گئی اور پی ایچ اے راولپنڈی کے قوانین کو اپنانے بارے پالیسی کی بھی منظور ی دی گئی، اجلاس میں شہر اقبال کے پارکس کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے درکار مشینری خریدنے کی منظور ی دی گئی اور پی ایچ اے سیالکوٹ کے بزنس اور ڈویلپمنٹ پلان بارے بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پی ایچ اے سیالکوٹ کی صوبائی دارالحکومت لاہور کی طرز پر ای ایڈورٹائزنگ پالیسی بارے بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ پی ایچ اے لاہور ،سیالکوٹ شہر کی خوبصورتی بڑھانے میں تکنیکی و انتظامی معاونت کرے گا، انھوں نے کہا کہ پی ایچ اے سیالکوٹ کا بر وقت فعال نہ ہونا بزدار حکومت کی نااہلی ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہروں کی صفائی اور خوبصورتی کو بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، شہریوں کی تفریح کیلئے تمام پی ایچ ایز تفریحی پروگرامز کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔