ملتان 21 اپر یل(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ڈویژن بھر کے قبرستانوں کی صفائی و ستھرائی کے لیے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ کمیٹیاں قبرستانوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔کمشنر عامر کریم خاں نے تمام قبرستانوں میں باقاعدگی سے صفائی، نکاسی آب کے موثر انتظامات اور راستوں کی مرمت و بحالی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔عامر کریم خاں نے قبرستانوں کی چار دیواری کی مرمت یا ازسرِ نو تعمیر کا بھی حکم دیا اور کہا کہ ہر قبرستان کی چار دیواری پر قرآنی آیات، اسلامی کلمات اور دعائیں نمایاں انداز میں تحریر کی جائیں تاکہ یہ مقامات تقدس اور احترام کے ساتھ نظر آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ضلع میں کم از کم ایک قبرستان کو ماڈل قبرستان کے طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ان ماڈل قبرستانوں میں مخصوص داخلی دروازہ، جنازہ گاہ، وضو خانہ، اور بیٹھنے کے لیے سایہ دار جگہ بنائی جائے گی تاکہ آنے والے افراد کو سہولیات میسر ہوں اور انہیں عزت و وقار کے ساتھ اپنے مرحومین کی قبور پر دعا کے لیے بیٹھنے کا موقع ملے۔کمشنر ملتان نے اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے فوری رپورٹس طلب کیں تاکہ عمل درآمد کو مانیٹر کیا جا سکے ۔