اقوام متحدہ، 22 اپریل ( اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ کولمبیا میں پائیدار امن کے لیے جامع مکالمہ، ترقی اور انصاف ناگزیر ہیں، جو قومی خودمختاری اور یقین پر مبنی ہوں۔ انہوں نے اس امن عمل کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ امن معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی راہ پر گامزن رہیں۔
عاصم افتخار نے آج کولمبیا سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی بریفنگ کے دوران مسلح گروہوں کی جاری پرتشدد کارروائیوں، بچوں کی جبری بھرتی، اور سابق جنگجوؤں کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جو خاص طور پر مقامی اور افریقی نژاد کولمبین کمیونٹیز کو متاثر کر رہی ہیں۔
سفیر عاصم افتخار نے مخلصانہ مکالمے کی ضرورت پر زور دیا اور تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ وہ تشدد کو مکمل طور پر ترک کریں اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بغیر کسی پیشگی شرط کے امن کے عمل سے دوبارہ وابستہ ہوں۔
انہوں نے دیہی اصلاحات میں پیش رفت کو سراہا اور حکومت کی شفافیت، شمولیت اور سماجی و اقتصادی ترقی پر مبنی پالیسیوں، بالخصوص ریپڈ ریسپانس پلان (RRP) کی تعریف کی۔تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن عمل میں کئی بنیادی ڈھانچہ جاتی اور سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز بدستور موجود ہیں، جن میں سابق FARC جنگجوؤں کی بحالی اور تحفظ، عبوری انصاف کے نظام کی مؤثر کارکردگی، اور دور دراز علاقوں میں ریاستی اختیار کا نفاذ شامل ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب نے امن سازی کمیشن کے بدھ کے اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے امن کو مضبوط بنانے اور دیرپا استحکام کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کولمبیا میں اقوام متحدہ کے ویری فیکیشن مشن کی کوششوں کو سراہا اور کولمبیا کی حکومت کی امن، مفاہمت اور قومی تعمیر نو کے لیے عزم کی تعریف کی۔