کھوکھر پیلس میں ایسٹر گرانٹ چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب، 300 سے زائد مسیحی خاندانوں میں چیک تقسیم

3

لاہور، 27 اپریل (اے پی پی): کھوکھر پیلس میں ایسٹر گرانٹ چیک تقسیم کرنے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ، صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر، ایم این اے ملک سیف الملوک کھوکھر، ایم پی اے ملک شہباز علی کھوکھر اور ملک فیصل اشرف کھوکھر بھی تقریب میں موجود تھے۔تقریب میں 300 سے زائد مسیحی خاندانوں میں چیک تقسیم کئے گئے ۔صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر اقلیتوں کے تہواروں پر خصوصی فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارہ اور مساوات پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک برس میں پنجاب حکومت نے مذہبی اقلیتوں کے لیے بے شمار اقدامات کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ بھارت جان لے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ایم این اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کی ترقی میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ آج کی تقریب کا مقصد بھی ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔۔ ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ حکومتی گرانٹ کو احسن طریقے سے حقدار تک پہنچایا جا رہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ مریم کے نام سے جتنی محبت ہم کو ہے اتنی ہی مسیحی کمیونٹی کو ہے۔

 ایم پی اے بابا فیبلوس کرسٹوفر نے کہا کہ ایسٹر گرانٹ پر وزیراعلیٰ پنجاب کے شکر گزار ہیں، ایسٹر گرانٹ سے مستحق خاندانوں کو مالی مدد ملتی ہے ۔  اقلیتی برادری کو یہ احساس بھی ہوتا ہے کہ وہ اس معاشرے کا برابر کا حصہ ہیں۔دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خراج تحسین پیش کیا مقررین نے کہا کہ ایسی تقاریب معاشرتی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتی ہیں۔  تقریب میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں حلقہ پی پی 167٫، 168 اور این اے 126 سے ملحقہ مسیحی برادری کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔