گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو کی ملاقات

1

لاہور ، 10 اپریل (اے پی پی ): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے  ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو تجارت ،سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ سے جڑے ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی بالخصوص چیمبرز کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لئے مشہد میں آفس کھولنے کا پلان خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان سے زرعی اجناس بالخصوص مکئی کی امپورٹ سے تجارتی شعبے میں اضافہ کر سکتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان طلبہ اور اساتذہ کے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

 پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔   ایران میں پاکستان سے گوشت کی درآمد کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستانی زائرین کی سفری سہولیات کے لئے مشہید میں آفس کھولنے کا پلان زیر غور ہے۔ ایران کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ زائرین سکون اور اطمینان سے سفر کرسکیں۔