گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی جنرل باڈی سے خطاب

1

اسلام آباد، 17اپریل (اےپی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی جنرل باڈی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ2008 کا الیکشن مشکل الیکشن تھا مگر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے متحرک کردارکی وجہ سے کامیابی حاصل ہوئی، مشکل صورتحال میں نظریہ مقدم رکھنا ہی سیاست ہے، راولپنڈی میں پلا بڑھا ہوں ڈسٹرکٹ بار سے ہمیشہ قریبی تعلق رہا، قانون کی بالادستی کے لیے وکلاء نے تاریخی جہدوجہد کی ہے، ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی میں وکلاء کےبھائی چارے کا مظاہرہ مثالی ہے۔

سردار سلیم حیدر خان  نے کہا کہ حقیقی جمہوریت صرف وکلاء میں ہے، ہر سال الیکشن ہوتے ہیں، ہر الیکشن میں دھاندلی کا شور اٹھتا ہے،  ہارنے والا احتجاج کرنا شروع کر دیتا ہے جس سے حکومتی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

گورنر پنجاب  نے مزید کہاکہ ملک کو آگے لے کر جانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر پارلیمانی نظام کو مضبوط کریں، شفاف الیکشن کے لیے سب مل بیٹھ کر اقدامات کریں، پی پی کی 2008 میں بننے والی حکومت کو سو موٹو ایکشن کا بار بار سامنا کرنا پڑا جو حکومت کے خلاف سازش تھی، ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو جیسے رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، پاکستان میرا گھر ہے یہاں ہی جینا مرنا ہے، سچ اور حق بات کہتا رہوں گا۔