لاہور، 23 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کے صوبے حونان کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی گئی۔ محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور پاکستان-حونان چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کا معاہدہ بھی ہوا ۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور پاکستان ۔حونان چیمبر آف کامرس کی صدر حو ذو ہلنگ نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کی رو سے پاکستان ۔حونان چیمبر آف کامرس پنجاب میں چین کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرے گا ۔ چین کی کمپنیاں پنجاب میں ای وی سیکٹر ،زراعت،کنسٹرکشن، صحت ،سیاحت، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گی ۔
معاہدے کے تحت لاہور اور چین کے شہر چانگشاہ کے مابین تجارتی ،ثقافتی اور سماجی تعاون بڑھایا جائے گا اور مشترکہ طور پر چائنا ۔پاکستان کمرشل ٹاؤنز اور انڈسٹریل پارکس بنائے جائیں گے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع نے کہا کہ محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور پاکستان ۔حونان چیمبر آف کامرس کے مابین تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے۔ معاہدے پر عملدرآمد سے پنجاب میں چین کی مزید کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی ۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا اور صنعت کاری کا عمل تیز کرنا میرا مشن ہے۔ اسی مقصد کیلئے میں نے حال ہی میں چین کا دورہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ چین کے دورے کے دوران بڑے سرمایہ کار گروپوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں اور متعدد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں آمادگی ظاہر کی ہے۔ چین کے سرمایہ کاروں کے وفد میں پاکستان ۔حونان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر ،جنرل سیکرٹری اور دیگر شامل تھے ۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔