مظفرآباد،7 مئی(اے پی پی): صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں بین الاقوامی اور انگلش میڈیا کے ایک گروپ سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں جارحیت کر کے اپنے مذموم عزائم سے پردہ اٹھا دیا ہے اور خود ہی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں اور آزادکشمیر کے عوام کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ہمیشہ سے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے جس پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں لیکن موجودہ تناظر میں جس طرح اُن کی قربانیوں کے باعث مسئلہ کشمیر بین لااقوامی سطح پر اُجاگر ہوا ہے۔ اس موقع پر عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ کشمیری عوام کو اُن کی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار مل سکے۔ کیونکہ پاک بھارت دونوں کے درمیان بنیادی مسئلہ کشمیر ہے۔











