اسلام آباد، 7مئی(اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دشمن کے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملہ کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ہماری مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار تھیں،پاک فضائیہ کے جوانوں نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا،روایتی جنگ میں پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی ہے،تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اور ملک کے لئے ہم سب اکھٹے ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رات انڈیا کے بزدلانہ حملے میں کئی بچے،خواتین اور مرد شہید ہوگئے، ان شہداء کے درجات اللہ بلند کرے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 22 اپریل کو انڈیا کے ناجائز زیرقبضہ کشمیر میں واقع پہلگام میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا، اس واقعہ کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا اور بغیر کسی ثبوت کے میڈیا اور حکومتی سطح پر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے کچھ عرصہ قبل بلوچستان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کیا جس میں بی ایل اے کے ساتھ ٹی ٹی پی شامل تھی اور اس کے تانے بانے انڈیا سے ملتے تھے جس کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، جس میں درجنوں شہادتیں ہوئیں۔
ہمارے ایس ایس جی کے جوانوں نے جوانمردی سے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے ان مغویوں کو رہا کرایا تاہم بھارت کی جانب سے اس واقعہ کی مذمت تک نہیں کی گئی اوردنیا کے سامنے اس کا مذاق اڑایا، وہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔











