آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی کامیابی پر کیپٹن روح اللہ شہید کے والد کے تاثرات

21

اسلام آباد، 16 مئی (اے پی پی(:یومِ تشکر کے موقع پر جہاں پوری قوم افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابیوں کا جشن منا رہی ہے، وہیں شہداء کے اہلِ خانہ بھی اپنے عظیم سپوتوں کی قربانیوں پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ کیپٹن روح اللہ شہید کے والد نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق، پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے اپنے عزم، حوصلے اور بے مثال قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جب پوری قوم یومِ تشکر منا رہی ہے، تو ہر پاکستانی فرد اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہے کہ اس نے ہمیں یہ عظیم کامیابی عطا کی اور ایک مضبوط، بے خوف اور پیشہ ور فوج سے نوازا۔

ان کے مطابق افواجِ پاکستان نے وطن کے دفاع میں جو مثالی قربانیاں دی ہیں، اُن کی بدولت قوم کا سر اقوامِ عالم میں ہمیشہ فخر سے بلند رہا ہے۔

 دشمن کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخالف قوتوں نے یہ گمان کیا کہ ہماری افواج مغربی سرحد پر خوارج کے خلاف مصروف ہیں، اور شاید وہ اس موقع پر اپنے مذموم عزائم حاصل کر لیں گے۔ مگر وہ یہ بھول گئے کہ اُن کا سامنا ایک نڈر، باحوصلہ اور غیرتمند قوم اور افواج سے ہے، جو ہر محاذ پر سینہ سپر ہیں۔

کیپٹن روح اللہ شہید کے والد نے کہا کہ اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کرنا اُن کے لیے باعثِ فخر ہے، نہ کہ کسی دکھ یا افسوس کا مقام۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مٹی کا ہر فرد سپاہی ہے اور شہادت کا متلاشی ہے، یہی جذبہ دشمن کو بار بار شکست سے دوچار کرتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر وطن عزیز پر کبھی بھی کوئی آنچ آئی تو وہ اپنی پوری فیملی سمیت ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔