اسلام آباد، 16 مئی (اے پی پی):وزیرداخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک امریکہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک بھارت جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک بھارت جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان سیز فائر کا کریڈٹ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جاتا ہے، جنہوں نے خطے کو ہولناک تباہی سے بچا کر انسانیت کی خدمت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کے بارے میں امریکی صدر کے مثبت خیالات کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امریکہ کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔











