آپریشن “بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا

6

‎راولپنڈی، 11 مئی ( اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی کی قیادت میں “پاکستان زند آباد ریلی” کا  انعقاد کیا گیا- حنیف عباسی  نے پاکستان زندہ آباد ریلی کی قیادت کی، جو صدر میٹرو اسٹیشن سے روانہ ہو کر،  فیض آباد میٹرو اسٹیشن تک پہنچی۔ اس ریلی کے دوران حنیف عباسی  نے اپنے کارکنوں کے ساتھ سفر کیا، جبکہ کبھی موٹر سائیکل  پر تو کبھی پیڈل مارچ کے ذریعے اس ریلی کا حصہ بنے۔ انہوں نے پاکستان زندہ  آباد کے نعرے بلند کیے اور ملک کی دفاعی قوتوں کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے پاکستان کی فوج کے عزم کو سلام پیش کیا جنہوں نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور ان کی تمام سازشوں کو ناکام بنایا۔ حنیف عباسی  نے فیض آباد پہنچ کر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ریلی کا مقصد پاکستان فوج کی قربانیوں اور بہادری کو سراہنا ہے۔ یہ ریلی فوج کے عزم اور وطن کی حفاظت کے لیے ان کے کردار کو اجاگر کرتی ہے۔  وزیر ریلوے  نے کہا کہ ہم نے ابھی تک صرف اپنے دفاع میں قدم اٹھایا ہے  اور آئندہ   بھی ہم اپنے وطن کا بھرپور دفاع کرنے کے  لیے تیار ہیں۔وفاقی وزیر   نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر اور حکومت پر فخر ہے جو ہماری حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قوم کو مزید یقین دلایا کہ پاکستان کی فوج کی موجودگی ہماری سرحدوں کی حفاظت کے لیے کافی ہے جبکہ ہم   ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہیں۔  اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور اس کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار نے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ  پاک فوج نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ پوری قوم کو تحفظ اور اعتماد کا احساس بھی دیا۔ انہوں نے کہا ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع میں جو قربانیاں دی ہیں، وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔  حب الوطنی سے لبریز ریلی میں مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین، پارٹی کارکنان، وکلاء اور تاجروں نے بھی خطاب کیا اور افواج پاکستان کو ملک کی سلامتی اور دفاع میں بھرپور کردار ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔