لاہور، 11مئی (اے پی پی):افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور خراجِ تحسین کے لیے پاک جاپان گروپ آف کمپنیز اور سول سوسائٹی کے زیراہتمام ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی لاہور میں ایک پرامن اور شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کے حق میں نعرے درج تھے۔ فضا “پاک فوج زندہ باد” اور “پاکستان پائندہ باد” جیسے نعروں سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر پاک جاپان گروپ آف کمپنیز کے سی ای او چوہدری آصف محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اللہ تعالی نے پاکستان، اس کے عوام اور مسلح افواج کو سرخرو کیا ہے۔ پوری قوم آج یومِ تشکر منا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے وہ کارنامہ انجام دیا جو ناممکن سمجھا جا رہا تھا، دشمن کے جدید ترین رافیل طیارے کو مار گرا کر دنیا کو پاکستانی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا گیا ہے۔ چوہدری آصف محمود نے کہا کہ پاک فوج کے سپاہی ملک کی سا لمیت کیلئے ہر وقت جان دینے کو تیار رہتے ہیں۔ دشمن کو وہ سبق سکھایا گیا ہے کہ تاریخ یاد رکھے گی۔ آج پاکستان ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے اور اس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ریلی پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکا نے وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور افواجِ پاکستان کی کامیابی کیلئے دعائیں کیں۔











